لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 دسمبر2025ء) ملک میں نیوایئرنائٹ پر ہوائی فائرنگ کے حوالے سے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوایئرنائٹ پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کا ہر ممکن طریقے سے سراغ لگایا جائے گا، نیوایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے گرفتاری کیلئے ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، اس سلسلے میں ڈرون کیمروں کی سرویلنس نافذ کردی گئی ہے، ڈرون سے حاصل ویڈیو ریکارڈنگ گرفتاری میں ثبوت کے طور پر استعمال ہوگی، اس اقدام کا مقصد قانون کی عملداری، عوامی آگاہی اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

 

علاوہ ازیں نیو ایئر نائٹ پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے جامع سکیورٹی پلان مکمل کرلیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور تمام فیلڈ فارمیشنز کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، نیو ایئر نائٹ پر صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جب کہ صرف لاہور میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، تعینات کی جانے والی نفری میں 419 انسپکٹرز، 1 ہزار 267 سب انسپکٹرز، 2 ہزار 189 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 1 ہزار 408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16 ہزار 977 کانسٹیبلز شامل ہیں۔